احرام باندھنے کا طریقہ

احرام باند ھ لیجئے

حج ہو یا عمرہ اِحرام باندھنے کا طریقہ دونوں کا ایک ہی ہے۔ ہاں نیّت اور اُس کے اَلفاظ میں تھوڑاسافرق ہے۔

پہلے اِحرام باندھنے کا طریقہ مُلاحَظہ فرمایئے:

1. ناخُن تَراشئے۔

2. بغل اور ناف کے نیچے کے بال دُور کیجئے بلکہ پیچھے کے بال بھی صاف کرلیجئے۔

3. مِسْواک کیجئے۔

4. وُضو کیجئے۔

5. خوب اچھی طرح مَل کے غسل کیجئے۔

6. جسم اوراِحرام کی چادروں پر خوشبو لگائیے کہ یہ سُنَّت ہے، کپڑوں پرایسی خوشبو (مثلاً خُشک عَنبر وغیرہ)نہ لگائیے جس کاجِرم (یعنی تَہ ) جَم جائے ۔

7. اِسلامی بھائی سلے ہوئے کپڑے اُتار کر ایک نئی یا دُھلی ہوئی سفید چادر اوڑھیں اور ایسی ہی چادر کا تہبند باندھیں۔(تہبند کے لئے لٹھا اور اَوڑھنے کے لئے تولیا ہوتو سَہولت رہتی ہے، تہبند کا کپڑا موٹا لیجئے تاکہ بدن کی رنگت نہ چمکے اور تولیا بھی قدرے بڑی سائز کا ہو تواچھا)۔

8. پاسپورٹ یارقم وغیرہ رکھنے کے لئے جیب والا بیلٹ چاہیں تو باندھ سکتے ہیں۔ ریگزین کا بَیلٹ اکثر پھٹ جاتا ہے، آگے کی طرف زِپ (zip)والا بٹوا لگا ہوا نائیلون(nylon)یا چمڑے کا بیلٹ کافی مضبوط ہوتا اور برسوں کام دے سکتا ہے۔

نوٹ:مزید معلومات کے لئے’’رفیق الحرمین‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔

Share