دعا قبول ہونے کے 29 مقامات

دعا قبول ہونے کے29 مقامات

محترم حاجیو!یوں توحَرَمَیْن شَرِیْفَیْن میں ہر جگہ اَنوار و تَجلّیات کی چھَماچھَم برسات برس رہی ہے تاہم ’’اَحْسَنُ الْوِعَاء لآدابِ الدُّعاء‘‘ سے بعض دُعا قَبول ہونے کے مخْصوص مَقامات کا ذِکر کیا جاتا ہے۔ تاکہ آپ اُن مَقامات پر مزید دِل جَمعی اور توجُّہ کے ساتھ دُعا کرسکیں۔

مَکَّۂ مکرَّمہ زَادَھَا اللہُ شَرَفاً وَّ تَعْظِیْماً کے مَقامات یہ ہیں:{1}مَطاف {2} مُلتَزَم{3}مُسْتَجار{4}بیتُ اللّٰہ کے اَندر{5}میزابِ رَحمت کے نیچے{6} حَطِیْم {7}حَجرِاَسوَد{8}رُکنِ یَمانی خُصوصاً جب دَورانِ طواف وہاں سے گزر ہو {9}مَقامِ اِبراہیم کے پیچھے {10}زَم زَم کے کنویں کے قریب {11}صَفا {12} مروہ {13}مَسعٰی خُصوصاً سبز میلوں کے درمیان {14} عَرَفات خُصوصاً موقِفِ نبیِّ پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے نزدیک {15} مزدَلِفہ خُصوصاً مَشْعَرُالحرام {16}مِنٰی{17} تینوں جَمرات کے قریب {18}جب جب کَعْبہ مشَرَّفہ پر نظر پڑے۔مدینہ مُنوَّرہ زَادَھَا اللہُ شَرَفاً وَّ تَعْظِیْماً کے مَقامات یہ ہیں : {19}مسجدِنبوی شریف عَلٰی صَاحِبِہَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام{20}مُواجَھَہ شریف، اِمام اِبنُ الجزری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِیفرماتے ہیں:دُعا یہاں قَبول نہ ہوگی تو کہاں قَبول ہوگی(حصن حصین، ص۳۱){21}منْبرِاطہر کے پاس {22}مسجدِ نبوی شریف عَلٰی صَاحِبِہَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے سُتونوں کے نزدیک {23}مسجدِ قُبا شریف{24}مسجدُ الفتح میں خُصوصاً بدھ کوظہر وعَصر کے دَرمِیان{25}باقی مساجدِ طیِّبہ جن کو سرکارِمدینہ، سُکونِ قلب وسینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے نسبت ہے (مَثَلاً مسجدِغَمامہ، مسجدِ قِبْلَتَین وغیرہ وغیرہ ) {26} وہ مُبارَک کُنویں جنہیں سَروَرِ کونین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے نسبت ہے {27} جَبَل اُحُد شریف {28}مَشَاہَدِ مُبارَکہ[1]{29}مزاراتِ بقیع۔تاریخی روایات کے مطابِق جنتُ البقیع میں تقریباً دس ہزار صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَانآرام فرما ہیں۔


[1] ۔۔۔مَشَاہد جمع ہے مَشہَد کی اور مشہد کا معنیٰ ہے: ’’حاضِر ہونے کی جگہ‘‘یہاں مراد یہ ہے کہ جس جس مقام پر سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَتشریف لے گئے وہاں دعا قَبول ہوتی ہے اور خُصُوصاً مکۂ مکرَّمہ اور مدینۂ منوَّرہ زَادَھُمَا اللہُ شَرَفاً وَّ تَعْظِیْماً میں بے شمار مقامات پر آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تشریف فرما ہوئے مَثَلاً حضرتِ سیِّدُنا سلمان فارسی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کا مقدّس باغ وغیرہ۔

Share

Comments